کورونا سے مزید 6 افراد ہلاک،مریضوں کی تعداد 4204 ہوگئی

101

کراچی /لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ /پشاور/واشنگٹن /لندن/ میڈرڈ/روم/پیرس/ برلن/تہران /نئی دہلی (نمائندگان جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61 ہوگئی ۔بدھ ملک میں کورونا وائرس کے مزید 200 کیسز رپورٹ ہوئے ا س طرح متاثرہ افراد کی تعداد 4204 تک جاپہنچی ہے۔بدھ کوسندھ میں50کیسز 2 ہلاکتیں، پنجاب میں 104 کیسز 2 ہلاکتیں، بلوچستان 8 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 27 کیسز ایک ہلاکت ، آزاد کشمیر میں مزید 10 کیسز اور گلگت بلتستان میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد2108، سندھ میں 1036، خیبرپختونخوا میں 572، بلوچستان میں 212، گلگت بلتستان میں 213، اسلام آباد میں 83 اورآزاد کشمیر میں 28ہوگئی۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 88ہزار ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 15لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ بدھ کو امریکا میں 1528ہلاکت رپورٹ کی جاچکی تھی جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14ہزار 369ہوچکی ہے ۔ برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے جہاں ایک روز میں 938افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ادھر اسپین میں 628، اٹلی میں 542، فرانس میں 541، بیلجیم میں 205، جرمنی میں 176، ایران میں 121، ترکی میں 87اور بھارت میں 18افراد ایک ہی روز میں ہلاک ہوئے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ 14اپریل کے بعد بھی لاک ڈاؤن ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔