وبائی مرض سے ایسے بھاگو جیسے شیر کو دیکھ کر بھاگتے ہو، مولانا طارق جمیل

844

لاہور( آن لائن )پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔ اسی بارے میں عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا کہناتھا کہ اللہ کے محبوب کا ارشاد ہے کہ جہاں وبائی مرض دیکھو، وہاں سے ایسے بھاگو جیسے شیر کو دیکھ کر بھاگتے ہوں، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور اتحاد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلیے پوری قوم کو متحد ہوکر توبہ کی ضرورت ہے، ایک دوسرے سے لڑائیاں ختم کریں۔عملی طور پر اپنے کبیرہ اور صغیرہ گناہوں کی معافی مانگیں، ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں، ہمارے سیاسی جماعتوں کو بھی ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔مولانا طارق جمیل نے تبلیغی جماعت کے ارکان کو بھی مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ میری ان سے بھی گزارش ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ہر قسم کے حکومتی اقدامات کی پیروی کریں۔مولانا صاحب نے کہا کہ مجھے شکایات ملی ہیں کہ تبلیغی جماعت والوں کو مارا گیا، دھمکایا گیا، ہتھکڑیاں لگائی گئیں یہ زیادتی ہے ایسا نہ کیا جائے۔وہ بھی پاکستانی شہری ہیں ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے وہ دوسروں سے زیادہ تعاون کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وبا کا سامنا مسلمان اور غیر مسلم دونوں کو ہے، ہم کسی پر الزام نہیں لگا سکتے، یہ وہ وقت ہے جب ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنا ہے، اس وبا کا سامنا سب مل کر ہی کر سکتے ہیں۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ ہم تمھیں اچھے اور برے دونوں حالت دینگے آزمائش میں بھی ڈالیں گے۔ اس لیے یہ آزمائش کی گھڑی ہے اس لیے قوم ایک دوسرے سے تعاون کرے۔ چاروں صوبوں کے لوگوں سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔