نوشہروفیروز،ڈی سی بلال شاہد رائو کا قرنطینہ سینٹر کا دورہ

322

نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت)اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) بلال شاہد رائو نے بحریہ کالج کے ہاسٹل میں قائم کیے گئے قرنطینہ مرکزکا دورہ کیا اور آئسولیشن وارڈ میں سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈی ایچ او اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئسولیشن وارڈ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل عملے کی مقرری، ادویات ،حفاظتی سامان اور کھانے پینے کی فراہمی کو یقنی بنایا جائے تاکہ موجود افراد کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماجد علی ماکو بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے ایک اعلامیہ میں بتایا ہے کہ تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 22 غیر ملکی افراد کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا۔ جن میں 3 افراد کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جبکہ 17 کے کیس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ 2 کی رپورٹ آنے کا انتظار ہے۔ کورونا پازیٹووالے 3 افراد کو بحریہ کالج کے ہاسٹل میں قائم قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے جبکہ باقی 19 مختلف مقامات میں الگ تھلگ رکھے گئے ہیں۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے افراد سے میل جول رکھنے والے افراد کی تلاش اور نگرانی کی جارہی ہے۔ اور ان میں کسی کی علامات ظاہر ہونے پر ان کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے ضلع کے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن پھر مکمل عمل کریں اور اپنے اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔