کورونا وائرس سے جنگ میں پولیس اہلکارفرنٹ لائن پر ہیں،صہیب شریف

374

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر جماعت اسلامی یوتھ لاہورصہیب شریف نے کہا کہ قوم کورونا وائرس سے بچنے کیلیے حفاظتی تدابیر کے ساتھ رجوع الی اللہ کو یقینی بنائے۔جماعت اسلامی یوتھ شب برأت میں اس وبا سے بچائو کیلیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کرے گی۔ ہر شخص توبہ کرے اورپوری قوم کورونا وائرس اور تمام وبائی امراض‘ مشکلات اور مسائل سے بچنے کیلیے اللہ رب العزت کے سامنے سجدہ زیر ہوجائیں۔جے آئی یوتھ شہریوں کو کورونا وبا سے بچانے کیلیے فری فیس ماسک ،سینی ٹائزر تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ راشن فراہم کرنے اوراینٹی کورونا اسپرے کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ بادامی باغ میں اسپرے اور ایس ایچ او بادامی باغ کو پولیس ملازمین کیلیے حفاظتی ماسک اور سینی ٹائزر حوالے کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جے آئی یوتھ شمالی لاہور کے صدر حافظ عبدالرحمن نے اپنے خطاب میںکہاکہ کورونا وائرس سے جنگ میں ڈاکٹرز،قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس اہلکارفرنٹ لائن پر ہیںان کو ہم سلام پیش کرتے ہیں ۔اسی لیے ہم نے ان کو فیس ماسک اور سینی ٹائزر کا تحفہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب پولیس بھی ہمارے رضاکاروںکے ساتھ مل کر راشن اور اشیا ضروریہ مستحق او ر دہاڑی دار مزدوروں تک پہنچا رہی ہے ۔ اس فلاحی کام نے عوام میں پولیس کے لیے عزت و توقیر کے نئے باب کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے جس کے بعد اشیا خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور اینٹی کررونا وائرس سے بچائو کی اشیا فیس ماسک اور سینی ٹائزر کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھ گئی ہیں۔حکومتی ادارے مہنگائی مافیا کے آگے بے بس دکھائی دے رہے ہیں جبکہ مزدور روزگار ختم ہونے کی وجہ سے دووقت کی روٹی کیلیے پریشان ہے۔ حافظ عبدالرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام تک راشن پہنچانے کا سلسلہ فوری شروع کرے ۔کاغذی کارروائیاں کرتے دو ہفتے سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے جس عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔انہوں نے شہب برات جو کہ مغفرت کی رات ہے قوم سے اپیل کی ہے کہ اس رات کو توبہ استغفار کیا جائے اور اللہ کا ذکر کیا جائے اللہ کے حضور اجتماعی طور پر دعائیں کی جائیںتاکہ اس موذی وبا سے رہائی مل سکے۔