حکومت صرف میٹنگ میٹنگ کھیل رہی ہے،محمد جاوید قصوری

324

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجا ب و سطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت کی کارکردگی پر اظہار عدم اطمینان اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران مشکل کے اس وقت میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ حکومت صرف میٹنگ میٹنگ کھیل رہی ہے۔ وزیر اعظم کے اردو گرد لوگ ہی بحرانوں کے ذمہ دار ہیں۔ اگر ان کے خلاف بروقت کارروائی ہوتی تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میںکورونا آگاہی مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا آگاہی مہم کے حوالے سے فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک وقوم کو آج جس اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ کورونا کے باعث ملک میں اس وقت ہلاکتوں کی تعداد 57سے بڑھ گئی ہے۔ چار ہزار کنفرم مریض سامنے آچکے ہیں۔ حکومتی اقدامات کا زمین پر کوئی وجود نظر نہیں آتا۔ لاک ڈائون کے باعث عوام کے گھروںمیں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔ لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں اور حالات دن بدن بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہ مخیر حضرات مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھیں اور اپنی اخلاقی ذمہ داری ادا کریں ۔ عوام کسمپرسی کا شکا ر ہیں۔ اگر چہ حکومتی اعلان کردہ امداد آٹے میں نمک کے برابر ہے مگر بد قسمتی سے وہ بھی ابھی تک کسی کو نہیں ملی۔ موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی سے ملک و قوم کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جاگیر دار ، وڈیرے اور سرمایہ داروں نے ملک و قوم کو آگے نہیں بڑھنے دیا ۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو یر غمال کیا ہوا ہے۔ جب تک اقتدار حقیقی معنوں میں عوام کے نمائندوں کے پاس منتقل نہیں ہوگا بہتری کی کوئی گنجائش نہیں ۔