لاہور: صدر مملکت کا کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ

347

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور میں کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں پنجاب حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کو لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صدر کو صوبے میں کوروناوائرس کی روک تھام کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بعد میں صدر ڈاک ٹر عارف علوی نے لاہور میں کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کو محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام جدید کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کے کام اور کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔صدر مملکت کو بتایا گیا کہ یہ سیل 24 گھنٹے کورونا سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی اور اس وبا سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ یہ خصوصی سیل صوبے کے تمام اضلاع میں اس وبا کے پھیلاؤ کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نے عوام کے لیے تمام محکمہ جاتی ہیلپ لائنز کی تشہیر کرنے اور کورونا وائرس کی وبا سے متعلق تمام اعدادو شمار سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔