چودہ اپریل کے بعد لاک ڈائون تسلیم نہیں ،انجمن تاجران بلوچستان

362

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنمائوں نے کہاہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے 3 ہفتے کے لاک ڈائون کو قبول کیا ،14اپریل کے بعد لاک ڈائون کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کرینگے ،صوبائی حکومت صبح 10 سے شام6بجے تک لاک ڈائون میں نرمی ، بجلی ،گیس ،ٹیلی فون اوردیگر یوٹیلٹی بلز اور کرایوں کی معافی کا اعلان کرے ۔ان خیالات کااظہار مرکزی انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا اور دیگرنے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرحیم کاکڑ کاکہناتھاکہ 14اپریل کے بعد مزید ایک ہفتے تک لاک ڈائون قابل قبول نہیں ،حکومت نے لاک ڈائون ختم کرنے کااعلان نہ کیا تو ہم15اپریل سے خود لاک ڈائون ختم کریں گے اور صوبے بھر کے تمام اضلاع میں مارکیٹیں ،دکانیں ،شاپنگ سینٹرز کھول لیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان دکان و مکان مالکان کو نوٹیفکیشن کے ذریعے پابندکریں کہ وہ ماہ اپریل کے کرایہ معاف کریں ،حکومت تاجروں کے لیے ایک سے 2لاکھ روپے بلاسود قرضوں کا بھی اعلان کرے تاکہ تاجر مزدوروں کی تنخواہوں کی ادائیگی کرسکیں ۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو اور علاج ومعالجے کے لیے بلوچستان کو دیگرصوبوں کو مساوی فنڈز کا اجرا کرے ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجلی ،گیس اور ٹیلی فون بلوں سمیت ٹیکسز کی معافی کااعلان کریں تاکہ بدحالی کے شکار تاجر سنبھل سکیں ۔