ہم مل کر دنیا کو بہتربناسکتے ہیں،کھیلوں کی ترقی کے عالمی دن پر پیغام

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر و ترجمان مسعود احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کی زندگیاں عزیر ہیں کھلاڑی گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے کورونا وائرس کے باعث اپنی تمام سرگرمیوں کو پہلے ہی روک دیا ہے اور پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے سے تمام بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے بھی معطل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 اپریل کو ہر سال کھیلوں کی ترقی اور امن کا بین الاقوامی دن منایا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ سب کا ایک ہی نعرہ تھا کہ ہم ملکر دنیا کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ مسعود احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے ہم سب کو ایک ہونا پڑے گا اور عوام اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو اس وباء سے ہمارا بچنا بہت مشکل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اگر کھیل نہیں ہوںگے تو صحتمند معاشرہ کیسے جنم لے گا، اگر عوام چند دنوں کے اپنے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں تو اس وباء پر جلد قابو پاکر ہم اپنے کھیلوں کے میدان آباد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔