عالمی وباء سے کھیلوں پر بھی بہت منفی اثرات مرتب ہوئے ،اولمپئن محبوب علی

203

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ایتھلیٹ اولیمپیئنمحبوب علی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پر کنڑول ہونے کے بعد کھیلوں کے میدان جلد آباد کریں گے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بھی گھر میں اپنی فزیکل فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں اور امید ہے کہ حکومت جلد از جلد کورونا وائرس پر قابو پا لے گی۔ گذشتہ سال نیپال میں کھیلے گئے سائوتھ ایشین گیمز میں ایتھلیٹکس کے 400 میٹر رکاوٹی دوڑ میں سونا کا تمغہ حاصل کرنے والے قومی ایتھلیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی کھیلوں کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر روز دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدبیر پر عمل کریں تاکہ اس موذی مرض سے بچ سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں محبوب علی نے کہا کہ ارشد ندیم کا اولمپک گیمز کے لئے کوالیفائی کرنا ہمارے لئے بہت خوش آئند بات ہے اور جس طرح وہ محنت کر رہا ہے اولمپک گیمز میں میڈلز کی توقع کی جا سکتی ہے اور ان کے کوچ سید فیاض حسین بخاری بھی ان کو اچھی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی بھی خصوصی طور پر ارشد ندیم کو ملکی سطح پر تمام سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو قبیرون ملک تربیت کے لئے بھجوانے کا انتظام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اور پوری قوم کی دعائیں ارشد ندیم کے ساتھ ہیں کہ وہ آئندہ سال جولائی میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں کھیلے جانے والے اولمپک گیمز میں میڈلز حاصل کریں گے۔ اپنی کارگردگی کے حوالے سے محبوب علی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث میری تربیت تو بہت متاثر ہوئی لیکن فزیکل فٹنس پر بھی توجہ دے رہا ہوں اور میں انٹرنیشنل سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کروںگا۔