کورین کوچ کی زیر نگرانی آن لائن کراٹے کوچنگ پروگرام کا آغاز

151

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کیلئے کورین کوچ کی زیر نگرانی آن لائن کوچنگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس پروگرام کا مقصد کھلاڑیوں کو کورونا سے لڑنے کیلئے مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے وزارت بین الصوبائی، پی ایس بی، پی او اے اور متعلقہ بین الاقوامی ا سپورٹس آرگنائزیشن کی ہدایت پر جسمانی تربیت کے ذریعے کورونا کے خلاف لڑنے کیلئے کوچز ٹرینرز اور کھلاڑیوں کو آن لائن کوچ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی ایف صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ضمن میں تیار کئے گئے پلان کے تحت ملک میں تائیکوانڈو کے کھیل سے منسلک قومی و صوبائی سطح کے کھلاڑیوں کو اب قومی تائیکوانڈو اسسٹنٹ کوچ کے ساتھ کوآرڈینیشن میں کوریائی ماہر کوچ خیروگی پومسے تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو نہ صرف اپنی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی بلکہ انہیں مقابلوں کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ پی ٹی ایف صدر کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ بخوبی واقف ہیں کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران ہم کورونا وائرس اور پاکستان میں اس وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک بہت ہی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں جس کا کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑے گا، ایسے وقت میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں اس مشکل صورتحال پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں وزارت بین الصوبائی رابطہ، پی ایس بی، پی او اے اور متعلقہ بین الاقوامی اسپورٹس آرگنائزیشن نے تمام این ایس ایف کو پہلے ہی ہدایت کی ہے کہ جسمانی تربیت کے ذریعے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کیلئے اپنے عہدیداروں/کھلاڑیوں کو آن لائن تربیت اور ان کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے۔ ان ہدایات کی روشنی میں پی ٹی ایف نے تائیکوانڈو کے کھیل سے منسلک کوچوں/کھلاڑیوں کو فٹ اور کامل بنانے کیلئے اپنے پاکستانی اسسٹنٹ کوچ کے ساتھ کوآرڈینیشن میں کوریائی کوچ خیروگی پومسے کے ذریعہ کھلاڑیوں کی انفرادی لائن ٹریننگ اور مقابلوں کی تربیت کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ آن لائن جوچنگ پروگرام کوچز/کھلاڑیوں کیلئے کور ونا وائرس کے خلاف لڑنے کیلئے اپنی صلاحیتوں اور صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے بھی بہت مددگار ثابت ہوں گے۔