کورونا وائرس صنعتی پہیہ جام اور ایکسپورٹ آرڈر کینسل ہوچکے ہیں،زبیر طفیل

289

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سیکرٹری جنرل اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر ایف طفیل نے کہا ہے کہ کورووناوائرس کے سبب صنعتی و کاروباری ادارے بندہونے سے کاروباری سرگرمیاں ختم ہوچکی ہیں ، ایکسپورٹ کی آرڈرز کینسل ہوچکے ہیں،صنعتی پہیہ جام ہوچکا ہے ،صنعتی پیداواری سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے ورکرز اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں،سرمایہ کی فراہمی رک جانے سے اور ایکسپورٹ کی بندش سے بہت سی صنعتیںبالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں نادہندگی کے قریب پہنچ کربند ہونے کے قریب ہیں،ان حالات میں وزیراعظم عمران خان فوری طور پر صنعتوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں ۔زبیرطفیل نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان فوری طور پر مارک کو 5فیصد پر لائے کیونکہ ان حالات میں اور آنے والے ایک سال تک کوئی بھی انڈسٹری مارک اپ ادا کرنے کے قابل نہیں ہوگی،دنیا بھر میں مارک اپ ختم کیا جارہا ہے تاکہ وہاں کی صنعتیں اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل رہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ تعمیراتی صنعت کی طرح کا پرکشش پیکج صنعتوں کے لیے بھی دے تاکہ کوروناوائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد ملکی صنعتیں اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان اس وقت شدید مشکل میں ضرور ہے لیکن انشااللہ مشکل کا یہ دور ضرور ختم ہوگا،ہمیں مجموعی طور پر مایوس ہونے کے بجائے اللہ سے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لیے دعائیں مانگنی چاہئیں،ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی عوام کورونا سے بچائو کے لیے گھروں تک محدود رہیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت لاک ڈائون کی صورتحال میں عوام کی مشکلات میں کمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرے ،یہ مشکل وقت ہے جو مقابلے کے بعد ختم ہوجائے گا،پاکستان پرمشکل وقت ہے ،ان حالات میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر کورونا وائرس کا مقابلہ کریں اور سیاست سے گریز کریں ۔