بروکرز کی رجسٹریشن اور کمیشن کے معاملے کو قانونی شکل دی جائے، راحیل ہارون

233

کراچی(اسٹاف ر پورٹر) فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان،آل کراچی رئیلٹرز ایسوسی ایشن اوربحریہ ٹائون ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کی جانب سے صنعتی شعبے کے لیے ریلیف پیکیج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بروکرز کی رجسٹریشن اور کمیشن لیے جانے کے معاملے کو قانونی شکل دی جائے ۔ گزشتہ روز اپنے ایک جاری کردہ بیان میں راحیل ہارون ودیگر نے کہا کہ ہم رئیلٹرز ہیں اور ہمیں پہلے فیز میں اپنی بنیاد جو کے بروکرز کی رجسٹریشن اور کمیشن کو قانونی تحفظ دلوانے کی بات ہے کو کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک محنت کش روزانہ جب اپنے گھر سے نکلتا ہے اور اس کو اس کی محنت کا معاوضہ نہ ملے تو آخروہ کس کی طرف دیکھے گا؟ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں بلڈرز اور الائیڈ انڈسٹریز سے کوئی اختلاف نہیں ،ریلیف ان کو ملے، انڈسٹریز چلیں ، ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے اور ہمارے ملک کی معیشت مظبوط ہو لیکن ہم اپنے اُن بروکرز کے حق کے لیے بات نہ کریں تو ہماری کسی تنظیم کا کوئی فائدہ نہیں، آج وہ بروکر پورے پاکستان سے فیڈریشن کی جانب نظر لگائے اس امید سے بیٹھا ہے کے ان کی آواز اب مظبوط ہے اور ہم نے ان کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے حقوق کی جنگ لڑنی ہے اور اس پلیٹ فارم سے ہی ہمیں آج ان کو سہارا دینا ہے ان کی داد رسائی کرنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سندھ حکومت کو یہ مسودہ پیش بھی کیا ہے جس میں بروکر کے کمیشن کو قانونی تحفظ اور رجسٹریشن کی بات کی گئی ہے، ہم سندھ حکومت سے اس مسئلے پر مکمل طور پر رابطے میں ہیں اور ان شااللہء جلد سندھ سے یہ بل پاس کرایا جائے گا۔