کورونا سے نجات کے لیے چینی ماہرین رہنمائی کریں، وزیر اعلیٰ سندھ

188

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سے چین کے میڈیکل سیکٹر کے 9رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کووزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں ملاقات کی ،جس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو سمیت دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس پر قابو پایا، جانی نقصان پر افسوس ہے، ہمیں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے، ہم اپنی ٹیسٹنگ کیپسیٹی بڑھا رہے ہیں، ہمیں آپ سے ریپڈ ٹیسٹنگ مشینری اور کٹس چاہئیں، ہمارے بہت ہی محدود وسائل ہیں، ہم 2040 ٹیسٹ یومیہ کر سکتے ہیں۔چینی وفد نے کہا کہ چین کی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ہر قسم کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ وفد نے مشورہ دیا کہ لوگوں کو کہیں کہ گھروں کی کھڑکیاں کھول کر قدرتی ہوا لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بغیر علامت کے بھی کورونا وائرس کے مریض ظاہر ہوئے ہیں، جس پر چینی میڈیکل ٹیم نے کہاکہ ایسے مریضوں کا بھی آئسولیشن میں رہنا ضروری ہے، راشن کی تقسیم میں بھی ہجوم نہیں ہونا چاہیے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے متعلق عوام کو آگاہی دیتے ہوئے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید50مریض سامنے آئے ہیں اوربدھ کوکورونا کے خلاف جنگ میں 2لوگ زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ اس وبا کے باعث سندھ میں اب تک 20اموات ہوچکی ہیں، گزشتہ 24گھنٹے میں 758ٹیسٹ کیے جبکہ سندھ میں کیسز کی کل تعداد 1036ہوگئی ہے، 382مریض گھروں پر آئسولیشن میں ہیں اور97مریض دیگر مختلف آئسولیشن سینٹرز میں ہیں۔