حفیظ اور شعیب باعزت طریقے سے ریٹائرڈ ہوجائیں،رمیز راجا

233

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے مشہور کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق کمنٹری کیلیے پوری دنیا میں مانے جانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے دو قومی کھلاڑیوں کو کرکٹ کو خیرباد کہنے کا مشورہ دیا ہے۔رمیز راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب حفیظ اور ملک کو بین الااقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ کی کئی برس خدمت کی لیکن اب انہیں کرکٹ چھوڑ دینی چاہیے، یہ صحیح موقع اور وقت ہے۔رمیز راجہ نے شعیب ملک اور محمد حفیظ کے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہنے کے فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑیوں کا پول موجود ہے ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔ خیال رہے کہ حفیظ اور ملک نے حال ہی میں بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کیلیے ٹیم میں کم بیک کیا تھا۔خیال رہے کہ محمد حفیظ نے پاکستان کیلیے 55 ٹیسٹ، 218 ایک روزہ میچز اور 91 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 3652، 6614، 1992 رنز بنائے تھے جبکہ 53، 139 اور 54 وکٹیں لی ہیں۔شعیب ملک کا کیریئر بھی شاندار رہا ہے، انہوں نے 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 113 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جس میں ملک نے 1898، 7534 اور 2321 رنز بنائے ہیں جبکہ 32، 158 اور 28 وکٹیں حاصل کیں۔