خالی اسٹیڈیم میں میچوں کا انعقادحل نہیں ،وقاریونس

178

سڈنی (جسارت نیوز)قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا ٹیم کے ہیڈکوچ جسٹن لینگر کی خالی اسٹیڈیم میں میچوں کے انعقاد کی تجویز کی مخالفت کر دی۔ آسٹریلوی ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا تھاکہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں کرکٹ کی دنیا کو بحران سے بچانے کیلیے خالی اسٹیڈیمز میں میچز کے منصوبے پر کام شروع کر دینا چاہیے۔قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ابھی کسی ایک ملک کو نہیں پوری دنیا کو کورونا وائرس کے چیلنج کا سامنا ہے، ابھی ایسی باتوں کا سوچنے کا وقت نہیں، 4،5 ماہ بعد حالات قابو میں آ جائیں تو کوئی حل نکل آئے گا، ہو سکتا ہے اس وقت خالی اسٹیڈیمز میں میچز کرانے کا فیصلہ بھی مناسب لگے، ابھی جلدی میں کوئی قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں۔ویڈیوکانفرنس میں انھوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں فی الحال کورونا کا اتنا زیادہ پھیلاو نظر نہیں آ رہا، امید ہے کہ حالات جلد بہتر اور دنیا بھی نارمل ہوگی، صورتحال دیکھ کر میگا ایونٹ کرانے کا فیصلہ کرنا ہوگا، انعقاد تھوڑی تاخیر سے بھی کرایا جاسکتا ہے۔