وزیراعلیٰ سندھ سڑکوں اور دکانوں میں رش پر برہم‘ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت

436

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوں اور دکانوں پر عوام کے رش پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اہم ارکان کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں اور دکانوں پرعوام کے رش پربرہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاک ڈاؤن پرمکمل عملدرآمد کرائیں۔وزیراعلیٰ نے پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا جبکہ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔اس دوران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مجھے ابتدائی 7 روز والا لاک ڈاؤن چاہیے اور بلا ضرورت کسی کو کہیں جانے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اعداوشمار تشویشناک ہیں لہٰذا عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ گھروں پررہیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 3 فیکٹریوں کو سیل کیا گیا اور ان کے مالکان سے تحریری ضمانت لی گئی ہے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت 4 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔صوبے میں اب تک مہلک وائرس سے 18 اموات ہوچکی ہیں اور تقریباً ایک ہزار افراد متاثر ہیں جبکہ متعدد بار وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔علاوہ ازیںسندھ حکومت نے مختلف طبقات کو ریلیف دینے کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیاہے۔مجوزہ آرڈیننس کے مندرجات پر غور کے بعد اس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو فوری طور پر آرڈیننس کا ڈرافٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔یہ فیصلہ سندھ کابینہ کے سینئر ارکان سے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے مشاورت کے بعد کیا ہے جس کی تصدیق ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کردی ہے مجوزہ آرڈیننس میں مختلف سیکٹرز کے لیے محصولات کی وصولی نرم کی جائے گی۔ صوبائی محصولات کی وصولی میں رعایت بھی مجوزہ آرڈیننس میں شامل ہیں۔ ریلیف دینے کے لیے ٹیکسز میں 3ماہ تک چھوٹ دینے کی تجویز ہے آرڈیننس منظوری کے بعد فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ آرڈیننس کے تحت 3 ماہ کے لیے پروفیشنل ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی۔ سندھ ریونیو بورڈ کے تحت صوبائی حکومت کاروباری طبقے، پروفیشنلز اور بڑی کمپنیز کو رعایت دے گی۔ مجوزہ آرڈیننس میں کرایہ داروں اور اسکولوں کی فیس کی ادائیگی کے حوالے سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔علاوہ ازیں سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں شہریوں کی جانب سے 74 ملین روپے جمع کرائے گئے ہیں۔ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کیلیے اہم فیصلہ کیاہے۔ سندھ حکومت نے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی تمام تفصیلات پبلک کی ہیں، کورونا ایمرجنسی فنڈ سے متعلق تمام معلومات صوبائی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوکورونا ایمرجنسی فنڈ میں سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر3 ارب روپے رکھے تھے۔ یہ پیسہ قوم کی امانت ہے۔ یہ فنڈ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور صحت کی سہولیات میں اضافے کے لیے خرچ ہوگا۔ہم مخیر حضرات اور عطیات دینے والے عام افراد کے شکر گزار ہیں۔اپنی ذمے داری سمجھتے ہوئے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں عطیات جمع کرائیں۔دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے عوام کے لیے اسکولوں کی فیس میں ریلیف کا فیصلہ کرتے ہوئے نجی اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ اپریل اور مئی کی فیس میں 20 فیصد رعایت دی جائے۔محکمہ تعلیم نے تمام اسکولوں کو فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔