سندھ حکومت نے کورونا ایمرجنسی فنڈ کی تمام تفصیلات پبلک کردیں

480

کراچی:  سندھ حکومت نے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی تمام تفصیلات پبلک کی ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  شہریوں نے 74 ملین روپے فنڈ میں جمع کرادیے ہیں، ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کےلیے اہم فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کورونا ایمرجنسی فنڈ سےمتعلق تمام معلومات صوبائی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی  ہیں، شہری محکمہ خزانہ کی ویب سائیٹ پر سندھ کورونا ایمرجنسی فنڈکی تفصیلات تفصیل جان سکیں گے، محکمہ خزانہ کی ویب سائیٹ پر اضافی لنک ایڈ کیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ کورونا ایمرجنسی فنڈ میں آنے والے عطیات اور اخراجات کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہوگی، فنڈ کےاستعمال میں شفافیت کو برقرار رکھاہے، فنڈ میں سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر تین ارب روپے رکھے تھے، یہ پیسہ قوم کی امانت ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ فنڈ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور صحت کی سہولیات میں اضافے کے لئے خرچ ہوگا، ہم مخیر حضرات اور عطیات دینے والے عام افراد کے شکر گزار ہیں۔