دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کی کوشش کررہے ہیں، وزیر خارجہ

415

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت دنیا بھر مںں ائیر پورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کے اچانک دورے میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم، مل کر اس وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونا ہے یہ پوری قوم کیلئے کڑے امتحان کا وقت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جذبہ ایمانی کے ساتھ اس وبائی عفریت کو شکست دیں گے۔

وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔

ڈی جی کرائسز مینجمنٹ سیل سلمان اطہر نے سیل کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے ایمرجینسی کرائسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی شکایات کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیل میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔