کورونا وائرس کی وباء کے دوران کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی کارکردگی نمایاں

576

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومتی اداروں کو مانیٹر کرنے والے ایک حساس ادارے نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اس ادارے  کی تازہ رپورٹ کے حوالے سے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ “کروناوائرس  کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر زمے داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے والے ادارے اور ان کے انجینئرز و افسران اور فیلڈ میں عملی طور پر خدمات انجام دینے والے عملے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ( کے ڈبلیو اینڈ ایس بی ) کی مجموعی کارکردگی قابل تعریف رہی۔

واٹر بورڈ کے ایم ڈی ، انجینئر اسد اللہ خاں عملا  سرگرم نظر آئے اور انہوں نے حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے کا بہترین نظام بھی وضع کیا جو دیگر اداروں کے لیے قابل تقلید ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے دوران کے ڈبلیو اینڈ ایس بی نے  پانی کی تقسیم اور سیوریج کے نظام کو بھی سختی سے مانیٹر کیا جبکہ شکایات کا ازالہ کرنے کا بھی تناسب اطمینان بخش  تھا۔

اس ادارے نے ابتدائی رپورٹ میں ایک منتخب بلدیاتی ادارے کی کارکردگی کو ناقص بھی قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ گرمی اور شہر  میں ضرورت کے مطابق پانی دستیاب نہ ہونے کے باوجود فراہمی آب کی مجموعی اطمینان بخش صورتحال کی وجہ سے صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ کی نگرانی میں واٹر بورڈ کی کارکردگی اور حکومت کی نگرانی کے نظام کو سراہایا گیا ہے۔

یہ بھی خیال رہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے اپنے ملازمین  کو کرونا کی وباءسے بچاؤ کیلئے  ماسک ،سینی ٹائزرز ،صابن اور دستانوں کی فراہمی کے علاوہ میڈیکل  کی خصوصی سہولیات بھی فراہم کی ہے جس کی وجہ سے ملازمین کے  حوصلے بلند ہیں۔

واضح رہے کہ منتخب نمائندوں ،عمائدین شہر آئمہ مساجد ومنتظمین کی جانب سے بھی واٹربورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا جارہا ہے۔

یہ بھی یادرہے کہ واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹراسداللہ خان نے ادارے کے ملازمین کی جانب سے کورونا سے بچاو کیلئے قائم سرکاری فنڈمیں 22ملین روپے کا خصوصی  عطیہ دے کردیگر اداروں کیلئے مثال بھی قائم کی ہے۔