“تین ہفتے گزرنے کے باوجود حکومت نے عوام کو امداد نہیں دی”

455

امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مسلسل نااہلی کا ثبوت دے رہی ہے،تین ہفتے گزرنے کے باوجود لوگوں کو کسی قسم کی کوئی امداد نہیں مل رہی۔امداد پہنچانے کا کوئی قابل اعتبار میکنزم نہیں۔خدشہ ہے کہ جس طرح چینی کے مصنوعی بحران کے موقع پر عمران خان کے ٹائیگرز نے غریبوں کو لوٹا،کرونا وائرس کے حوالے سے جاری ہونے والے ریلیف کے ساتھ بھی تحریک انصاف کی ٹاسک فور س وہی سلوک نہ کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں صحافیوں میں کرونا وائرس کی حفاظتی کٹس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق بھی موجود تھے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف،مسلسل احتجاج کر رہے ہیں کہ ان کے پاس حفاظتی ساز و سامان دستیاب نہیں جبکہ حکومت دعوے کر رہی ہے کہ سب اچھا ہے۔کوئٹہ کے اندر ڈاکٹرز پر تشد د کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔جماعت اسلامی داکٹرز،پولیس، انتظامیہ، فوج او ر کرونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں جو کوئی بھی فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے اس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا مریضوں کی تعداد دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے۔ عوام خوفزدہ نہ ہوں۔ بد قسمتی سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت نے اپنی نا اہلی اور ناقص حکمت عملی کے باعث 22کروڑ عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔حکمرانوں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے کمیٹیاں بنانے تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ اشیاء خوردونوش دستیاب نہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کرونا وائرس روک تھام کے حوالے سے حکومت نیم دلی سے کام لے رہی ہے۔