کوروناکو کسی مذہب یا مسلک سے جوڑنا غیر مناسب ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی

552

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور شہریار آفریدی، وزیر داخلہ اعجاز شاہ سمیت دیگر عہدیدران نے شرکت کی،اجلاس میں کرونا کی وبا اور اسکے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبلیغی جماعت کی شوری ارکان نے دنیا بھر میں پھنسے تبلیغی جماعت کے اراکین سے متعلق بریف کیا ، تبلیغی جماعت کے اراکین کیساتھ حالیہ پنجاب میں ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اسد قیصرکا کہنا ہے کہ یہ ایک عالمی وبا ہے اسے کسی مذہب یا مسلک سے جوڑنا غیر مناسب ہوگا،کرونا وبا سے نمٹنے کے لئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے،ہم ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ قوم میں تقسیم کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے،ہم نے تمام زائرین کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے، شہریار آفریدی کی سربراہی میں زائرین سے متعلق کمیٹی کام کرے گی،کمیٹی بیرون ملک پھنسے زائرین اور انکی آمد کے بعد کی صورتحال کو کنٹرول کرے گی۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل وطن واپس لوٹنے والے زائرین سے بھی ملاقات کریں گے۔