کراچی کے تاجروں نے دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا

869

کراچی کے آل تاجر اتحاد نے 15 اپریل سے شہر بھر میں دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آل تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت لاک ڈاؤن کا دورانیہ مزید نہ بڑھائے، 15 اپریل سے دکانیں کھول دیں گے۔

تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے انہیں اس اقدام سے روکا گیا تو تمام تاجر وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ تاجر اور مزدور طبقہ کاروبار کی بندش کا مزید بوجھ اٹھانے کا اہل نہیں، حکومت تجارتی مراکز اور بازاریں کھولنے کی اجازت دے۔

تاہم وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی اسپتالوں اور مختلف کمپنیوں کے مالکان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مالکان نے سندھ حکومت سے لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے کی تجویز دی ہے۔ مالکان نے کہا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کا دورانیہ نہ بڑھایا گیا تو کوروناوائرس مزید پھیل جائے گا۔

دوسری جانب صوبے بھر میں 22 مارچ سے لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔ تاہم اس لاک ڈاؤن سے صنعتوں ، فیکٹریوں میں کام کرنے والا مزدور اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔