مقبوضہ کشمیر میں جھڑپیں ،9 شہید،5 بھارتی فوجی ہلاک۔او آئی سی نے ڈومیسائل قانون مسترد کردیا

355

سرینگر/جدہ (صباح نیوز+آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر میں جھڑپوں کے دوران9مجاہدین شہید اور 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ۔ اوآئی سی نے نیا ڈومیسائل قانون مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ کے 2واقعات پیش آئے۔اتوارکوکپواڑہ میں خونریز معرکے میں5 مجاہدین شہیدجبکہ 3بھارتی فوجی ہلاک اورایک زخمی ہوگیا۔ علاقے میں فوجی آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں کا استعمال بھی کیا گیا۔ ادھر کولگام میں بھی مجاہدین اورقابض فورسز کے مابین تصادم ہوا جس میں4مقامی مجاہد شہید ہوگئے ،بھارتی فوج نے بارودی مواد سے 3گھروں کو تباہ کردیا ۔چاروں مجاہدین کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا ، کولگام اور دمحال میں بھی مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے ، کئی افراد زخمی ہوگئے ،ا س کے باوجود ہزاروں لوگوں نے مجاہدین کے جنازہ میں شرکت کی، اس موقع پر آزادی اور اسلام کے حق میں نعرے بلندکیے گئے۔مزید برآں مقبوضہ کشمیر میں تعینات مدھیہ پردیش کے رہنے والے چودہ آرآر بٹیلین میں
تعینات ایک فوجی اہلکار ستندر مورنانے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خود کو ہلاک کر لیا۔دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی سے متعلق بھارتی قانون کو مسترد کردیا۔او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں جموں و کشمیر تنظیم نو آرڈر 2020 ء پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں غیر قانونی تبدیلی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈومیسائل پر مبنی نئے قانون کے متعارف کرانے سے متنازع علاقے کی خراب صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔او آئی سی کا کہنا تھاکہ یہ صورتحال پہلے ہی 5اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدام آئین میں موجود خطے کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے ابتر ہے، اسلامی تعاون تنظیم خطے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کسی بھی غیر قانونی کوشش کو مسترد کرتا ہے، او آئی سی اجلاس کے فیصلوں اور وزرائے خارجہ کونسل کی قراردادوں کے تناظر میں جنرل سیکرٹریٹ مقبوضہکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے ۔اوآئی سی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے کوششوں کو تیز کیاجائے۔