ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3157 ہوگئی ،47 جاں بحق ،170 صحت یاب

186

کراچی /لاہور/اسلام آباد/پشاور/کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر +نمائندہ جسارت +خبرایجنسیاں) پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 47 ہوگئی جب کہ 170مریض صحت یاب ہوگئے۔اتوار کو خیبرپختونخوا میں 2 جبکہ پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔خیبرپختونخوا کی وزارت صحت کے مطابق سوات کے رہائشی 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔ادھر سندھ میں محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہروفیروز میں 2 جبکہ سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ میں اتوار کومزید کئی مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں مجموعی ہلاکتیں 16 سندھ میں 15، پنجاب میں 12، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ملک بھر میں اتوار کو 389 کیسز سامنے آئے جن میں سے پنجاب میں 293، سندھ میں 51، خیبرپختونخوا میں 33، بلوچستان میں 6، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی۔نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3157 ہوگئی ہے۔اس طرح پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد1380، سندھ میں 881، خیبرپختونخوامیں 372، بلوچستا ن میں 192، گلگت بلتستان میں 206اور اسلام آبد میں 78ہوگئی ہے۔