دنیا بھرمیں68 ہزار ہلاکتیں ،بھارت میں لاک ڈاؤن ناکام،نیو یارک میں مزید فوج طلب

322

واشنگٹن،کولمبو،نئی دہلی، کابل ، روم ، عمان، استنبول ، ہانگ کانگ(مانیٹرنگ ڈیسک + خبرایجنسیاں) کورونا وائر س سے دنیا بھرمیںہلاکتیں68 ہزارسے متجاوز، بھارت میںلاک ڈاؤن ناکام ،نیویارک میں مزید فوج طلب،امریکی صدر نے کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز 12 لاکھ سے تجاوز کرگئے ہیں وہیں دنیا میں اس کے سب سے زیادہ کیسز امریکا میں سامنے آرہے ہیں،جس پر امریکی صدر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ملک سب سے مشکل ترین ہفتے میں داخل ہورہا ہے۔ وبا سے متعلق اپنی روزانہ کی بریفنگ کے آغاز میں ان کا کہنا تھا کہ ہلاکتیں ہوں گی،بد قسمتی سے بہت زیادہ ہلاکتیں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ایسا نہیں تھا کہ اسے کبھی بند کیا جاسکے تاہم علاج مسئلے سے زیادہ برا نہیں ہوسکتا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایک ہزار فوجیوں کو نیویارک میں تعینات کر رہا ہوں، کورونا کی ویکسین آنے میں 15 سے 20 ماہ لگ سکتے ہیں۔نیو یارک کے گورنر کا کہنا ہے چینی حکومت ان کی ریاست کے لیے عطیہ کیے گئے ایک ہزار وینٹی لیٹرز کی شپمنٹ میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ مذکورہ بحران کی صورت میں امریکی حکومت کے طبی اشیا کے ذخیرے میں قلت پیدا ہوجائے گی۔خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 8 ہزار 400 ہوچکی ہیں جن میں سے 3 ہزار 500 سے زائد ہلاکتیں صرف ایک امریکی ریاست نیو یارک میں ہوئی ہیں جو امریکا میں وائرس کا مرکز بنا ہوا ہے۔علاوہ ازیںکورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی اور اسپین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے ممالک میں کورونا وائرس کے باعث جاری بحران اپنی انتہا کو پہنچ سکتا ہے۔اطالوی حکام نے کہا کہ انفیکشن اس وقت اپنی انتہا پر ہے کم نہیں ہورہا جس کی وجہ سے ایمرجنسی کا وقت ختم ہونا ابھی مشکل نظر آر ہا ہے ۔اسپین کے وزیر اعظم کا ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو ماہرین کا ماننا ہے کہ اسپین میں آنے والے وقت میں وبا کم ہوجائے گی۔ادھر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کووڈ 19 نہ صرف صحت کے عالمی نظام کے لیے خطرہ ہے بلکہ انسانی جذبے کا امتحان بھی ہے۔دوسری جانب پرتگال میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ سرکاری ڈیٹا میں بتایا گیا کہ 5 لاکھ افراد اس وبا کی وجہ سے عارضی طور پر بے روزگار ہوسکتے ہیں۔برازیل میں کیسز کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کرنے پر کانگریس کے ایوان ذیلی میں کورونا وائرس سے متعلق اخراجات کو حکومتی بجٹ سے علیحدہ کرنے اور معیشت کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے جنگی بجٹ منظور کرلیا گیاتاہم اس بجٹ کو اب بھی سینیٹ سے منظور کیا جانا باقی ہے جو آئندہ ہفتے ہوگا۔آسٹریلیاکے متعدد صحت حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں سست روی سے پراْمید ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ سماجی دوری کی پابندی مہینوں تک جاری رہے گی۔ سری لنکا میں مریضوں کی تعداد 166 ہے جبکہ اب تک 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سری لنکا میں 20 مارچ سے ملک گیر کرفیو نافذ ہے۔بھارتی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی، حکام نے لاک ڈاؤن کی مدت مزید بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔بھارتی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ہدایات پر عمل نہ کیا تو لاک ڈاؤن اور پابندیاں جاری رکھی جائیں گی۔بھارت کی وفاقی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 77 تک ہو گئی ہے جبکہ ملک میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 3ہزار374 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت عوامی صحت کے ترجمان واحد اللہ مایار نے بتایا ہے کہ افغانستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 337 تک پہنچ گئی ہے۔اردن میں5 ہلاکتیں اور 323کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں ۔ترکی میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کیسز کی تعداد لگ بھگ24000ہوگئی ہے۔ ہانگ کانگ میں کورونا وائرس سے نمٹنے والی پولیس کے صف اول میں خدمات سرانجام دینے والے تقریباً130اہلکاروں کو قرنطینہ کیمپوں میں بھیجا جائے گا ۔