افغان مہاجرین عالمی امداد کے منتظر ہیں‘ شہریار آفریدی

344

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریاستوں و سرحدی امور (سیفران) شہریار خان آفریدی نے اتوار کے روز کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈائون میں پھنسے افغان مہاجرین کے کیمپوں میں خوراک کی کمی کے بارے میں اقوام متحدہ اور مغربی دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 ہفتے سے روزگار سے محروم افغان مہاجرین عالمی امداد کے منتظر ہیں۔ اتوار کو شہریار آفریدی نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین کیمپ میں اپنے ذاتی رقم سے افغان مہاجرین کے لیے عطیہ کیے گئے پہلے سینی ٹائزر واک تھرو
گیٹ کے افتتاح کے موقع صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کی صورتحال کی وجہ سے کیمپوں میں پھنسے ہوئے افغان مہاجرین کی مدد کے لیے اپنے دوستوں کی مدد سے فنڈز اکٹھے کیے ہیں‘ اگر پاکستان مالی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کے لیے خصوصی امدادی پیکیج تیار کرسکتا ہے تو ترقی یافتہ قومیں محصور پناہ گزینوں کی امداد کے لیے کیوں نہیں آسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی چھتری کے تحت شروع کی گئی جنگ کی وجہ سے افغان مہاجرین ہجرت پر مجبور ہوئے‘ اب انکی امداد کی ذمہ داری بھی اقوام متحدہ کی ہے۔