آٹا چینی بحران: فرانزک رپورٹ کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی کروں گا: وزیراعظم

630

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے مرتب کردہ آٹا اور چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ پر کہا ہے کہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی کروں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ: “میں کسی بھی کارروائی سے پہلے اعلیٰ سطحی کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کے نتائج کا منتظر ہوں جو 25 اپریل تک مرتب کرلئے جائیں گے۔ ان نتائج کے سامنے آنے کے بعد کوئی بھی طاقتور گروہ (لابی) عوامی مفادات کا خون کرکے منافع سمیٹنے کے قابل نہیں رہے گا، انشاءاللہ۔”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ: “گندم اورچینی کی قیمتوں میں یک لخت اضافےکی ابتدائی تحقیقات وعدےکیمطابق فوراً بلا کم و کاست جاری کردی گئی ہیں۔ تاریخ میں اسکی نظیر نایاب ہے۔ذاتی مفادات کی آبیاری اورسمجھوتوں کی رسم نےماضی کی سیاسی قیادت کواس اخلاقی جرات سےمحروم رکھاجسکی بنیادپروہ ایسی رپورٹس کےاجراءکی ہمت کر پاتیں۔”

خیال رہے کہ  گزشتہ دنوں ملک میں پیدا ہونے والے آٹے اور چینی کے بحران کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر آگئی۔

ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق چینی بحران میں سیاسی خاندانوں نے خوب مال بنایا اور جہانگیر ترین اور خسروبختیار کے بھائی کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی آٹا بحران کی اہم وجہ رہی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

مزید پڑھیں: مہنگی چینی : اسکینڈل میں پی ٹی آئی وحکومتی رہنما ملوث نکلے