سنگین صورتحال میں دوسروں کی مدد کرنے والے بڑا عظیم کام کر رہے ہیں: حافظ نعیم

304

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ضلع ملیر کے تحت شاہ لطیف ٹاؤن میں الخدمت راشن مرکز اور ہیلپ سینٹر کا دورہ کیا۔ غذائی اجناس اور پکے ہوئے کھانے کی پیکنگ اور علاقے میں جاری فیومیگیشن کا جائزہ لیا۔

امیر ضلع ملیر محمد اسلام نے اب تک ضلع بھر میں کی جانے والی امدادی سر گرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ تمام ناظمین علاقہ جات نے امدادی مہم کی رپورٹس بھی پیش کیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں اورذمہ داران کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کی صورتحال میں بھی جو لوگ ضرورت مندوں کو مدد اور سہارا فراہم کر رہے ہیں وہ بڑا عظیم کام کر رہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ موجودہ سنگین حالات میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران صرف رضائے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت خلق ِ خدا کی خدمت میں مصروف ہیں، جو کام حکومت و ریاست اور سرکاری مشنری کے ساتھ کیا جائے اس کا کوئی نعیم البدل نہیں لیکن الخدمت اپنے دستیاب وسائل اور اہل خیر کے تعاون سے ضرورت مندوں کو راشن اور کھانا فراہم کر رہی ہے، ہماری ترجیح  ہے کہ مزدورطبقے اور دہاڑی داروں کو پہلے کھانا اور غذائی اجناس فراہم کی جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف زبانی جمع خرچ اور اعلانات ہی نہ کریں بلکہ ضرورت مندوں کو فوری مدد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلم اور غیر مسلم کی تمیز کیے بغیر لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اور شہر بھر میں بڑے پیمانے پر اسپرے بھی کیا جا رہا ہے جن میں مساجد کے ساتھ ساتھ چرچز اور مندر بھی شامل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت کراچی ہی نہیں پورے ملک میں خدمت اور دیانت کا نشان بن چکی ہے اور امداد اصل حقداروں اور مستحقین تک پوری ذمہ داری کے ساتھ پہنچاتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ان حالات میں ہمیں خود بھی اور دوسروں کو بھی رجوع الیٰ اللہ اور توبہ و استغفار کی طرف راغب کرنا ہے۔ یہ آفت اللہ تعالی کی طرف سے ایک تنبہہ ہے اور دنیا بھر کی ساری بڑی طاقتیں اور ترقی یافتہ ممالک اپنی تمام تر ٹیکنا لوجی اور صلاحیتوں کے باوجود بے بس نظر آتے ہیں۔