فوڈ سیکورٹی کے لیے بروقت انتظامات نہایت ضروری ہیں، ڈاکٹر عبدالوکیل

1123

فیصل آباد (پ ر) پاکستان ایگریکلچرل سائنٹسٹ فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالوکیل اور ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر ابواللیث نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کورونا وائرس کی وبا، بے وقت کی بارشوں اور ژالہ باری کے باعث گندم کی کم پیداوار کا اندیشہ ہے اور ملک میں فوڈ سیکورٹی کے لیے بروقت انتظامات نہایت ضروری ہیں۔ حکومت کی جانب سے گندم کی فصل کی بروقت کٹائی کے لیے گندم کے کاشتکاروں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرتے ہوئے فوری انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمبائن مشینوں کو کٹائی کے لیے تیار کیا جائے اور گندم کی فصل کے تمام علاقوں میں کم قیمت میں بروقت کٹائی کو یقینی بنایا جائے، صوبوں کے درمیان گندم کی نقل و حرکت آزادانہ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ طورخم اور تفتان کے راستے گندم اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ پنجاب حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ گندم کسانوں سے براہ راست خریدی جائے تاکہ آڑھتیوں کا عمل دخل محدود کیا جاسکے اور کسان کو زیادہ فائدہ ہو۔ صوبوں کے درمیان نقل وحرکت حکومتی ادارے پاسکو کے ذریعے ہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت مناسب اقدامات نہیں کر پاتی تو گندم کے بعد اگلی بھی متاثر ہوجائیں گی۔