وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا کٹس درآمد کرنے کی منظوری دیدی

342
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت محکمہ صحت کا اجلاس ہورہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے سروسز اسپتال میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لیے فوری طور پر یونٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ مخصوص یونٹ کے لیے 13.4 ملین روپے جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ ہفتے کے روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری صحت زاہد عباسی، سیکرٹری سرمایہ کاری نجم شاہ، متعلقہ ماہرین، ڈاکٹر باری، آغا خان، اوجھا اور دیگر اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا کی ٹیسٹنگ کٹس کی تعداد سے متعلق جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اس وقت7500 ٹیسٹ کٹیں موجود ہیں۔ جس پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تمام کٹیں آئندہ ایک ہفتے کے لیے کافی ہیں۔ وزیر صحت نے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ آئندہ3 دن میں 15ہزار کٹیں مزید آئیں گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ2 لاکھ کٹوں کا برطانیہ کی کمپنی کو فوری آرڈر دیا جائے، مسلسل کاوشوں کے بعد ہماری ٹیسٹنگ گنجائش فی دن2020ء ہوگئی ہے، ٹیسٹنگ صلاحیت 5000 تک اور نئے لیب بھی مزید بڑھانا چاہتا ہوں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کینیڈا سے ریپڈ ٹیسٹ مشین،6 نئی ٹیسٹنگ پی سی آر مشینیں خریدنے کی بھی منظوری دی۔ رپیڈ ٹیسٹ مشین کے ساتھ ایک لاکھ ٹیسٹ کٹیں بھی خریدی جائیں گی، تمام مشینوں اور ٹیسٹنگ کٹوں کی ٹیکنیکل کمیٹی منظوری دے چکی ہے۔ مراد علی شاہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پبلک سیکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص، علاج و سہولیات کو بہتر سے بہترین بنانا ہے۔ دوسری جانب ہفتے کے روز ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سروسز اسپتال کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ یونٹ کے لیے فوری13.4ملین روپے جاری کیے جائیں گے، مریضوں کے لیے بستر، علیحدہ وارڈ، ضروری مشینری کی خریداری بھی کی جائے گی۔