وزیراعظم نے اجازت دی تو15اپریل سے ٹرینیں بحال کردیں گے( شیخ رشید)

296
لاہور: شیخ رشید احمد میڈیا سے گفتگو اور قرنطینہ سینٹر میں عملے سے صورتحال معلوم کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہوزیر اعظم پاکستان عمران خان نے14 تاریخ کو لاک ڈائون ختم کیا تو15 اپریل سے پاکستان ریلوے وزیر اعظم کی اجازت سے حفاظتی انتظامات کے تحت 20 ٹرینیں چلائی جائیں گی کیونکہ لوگ بہت اصرار کر رہے ہیں اور بعض لوگ مجبور ہیںکیونکہ وہ سفر نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے اسٹیشنوں پر کام کرنے والے قلیوں کی کل تعداد 1670 ہے‘ریلوے نے وزیر اعظم احساس پروگرام میں رجسٹر کرنے کے لیے ان کا نام بھی بھیجا ہے تاکہ ان کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے‘ ہم قلیوں کو خصوصی پیکج دینے کی پوری کوشش کررہے ہیں‘ ریلوے کو ہر ہفتے ایک ارب 20 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے‘ ہماری صرف فریٹ ٹرینیں چل رہی ہیں‘ جس محنت سے مغلپورہ ورکشاپ، کیرج فیکٹری رسالپور میں ریلوے ملازمین ٹرینیں ٹھیک کررہے ہیں ان شاء اللہ 15 اپریل کو نئی شکل کے ساتھ یہ ٹرینیں عوام کی خدمت کے لیے نکلیں گی۔شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کورونا کی آڑ میں لندن سے پاکستان واپس آئے ہیں‘ لاک ڈائون کے معاملے پر حکومت اور پاک فوج ایک ہی پیج پر ہیں‘ ٹائیگر فورس غیر سیاسی اور رضاکاروں کی فورس ہے ‘ ان کے پاس کسی طرح کے مالی اور انتظامی اختیارت نہیں‘ تبلیغی جماعت اور زائرین کے حوالے سے پروپیگنڈے ملک کے خلاف سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں لوگ کورونا کی وجہ سے زیادہ نہیں مرے بلکہ گھر پہنچنیکے لییپیدل سفر کر نے والے 52 افراد سڑکوں پر ہی مر گئے‘ بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے ٹرین سروس تاخیر سے بند کی حالانکہ ہم اسی کی تیاری کیے ہوئے تھے کیونکہ ہم نے لوگوں کو گھروں تک پہنچانا تھا‘ ہم نے ایک روز میں اپ اینڈ ڈائون بیس، بیس ٹرینیں چلا کر دو روز میں ایک لاکھ 65 ہزار لوگوں کو کراچی سے خیبر پختوانخوا اور پنجاب تک پہنچایا ہے‘اگر ہم ایسا نہ کرتے توآج کراچی میں بھی لوگ سڑکوں پر ایڑیا رگڑ رہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ رائیونڈ تبلیغی جماعت والوں کے ساتھ مساجد میں بد تمیزی کی مذمت کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں نیشنل مینجمنٹ کورس سے واپس آنے والے محمد ناصر خلیلی کو پروجیکٹ ڈائریکٹر ری ہیبلی ٹیشن مغلپورہ جبکہ کاشف فاروق کو ڈپٹی سی ایم ای کیرج ریلوے ہیڈکوارٹر اور اسد فاروق چشتی کو ڈپٹی سی ایم ای ٹریک مشین ریلوے ہیڈکوارٹر تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔