کوئی حکومت 22کروڑ عوام کو کھانا نہیں کھلاسکتی‘ فردوس عاشق

380
لاہور: معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کورونا سے متاثرہ مریض کی عیادت کررہی ہیں

لاہور(آن لائن+نمائندہ جسارت)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشر یات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی حکومت22کروڑ عوام کو گھروں میں بیٹھا کر انہیں کھانا نہیں کھلا سکتی، حکومت کا ہدف ملک کے غریب اور پسے ہوئے عوام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز جناح اسپتال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ ایمان کی طاقت اور جذبے کے ساتھ ہی کیا جاسکتا ہے،ڈاکٹر اور طبی عملہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے، جنہیں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اس وقت کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ بھوک سے بھی ہے،عوام کورونا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر استعمال کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ قوم متحد ہوجائے اور ایک مٹھی ہوکر کورونا وائرس کا مقابلہ کرے ۔انہوں نے کورونا وائرس میں اپٹما کے سابق چیئرمین اعجاز گوہر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اعجاز گوہرنے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے حوالے سے ہمارے لیے آسانیاں پیدا کردی ہیں، متاثرین کو کھانا گوہر اعجاز خود پیش کر رہے ہیں،وہ ایک رول ماڈل ہیں،ان کی خدمات قابل ستائش ہیں،ہمیں ان پر فخر ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ اجتماعی کوششوں سے جیتیں گے،ہمیں اس وقت معاشی سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ صف اول کے سپاہی ہیں،اس وبا کے خلاف برسرپیکار تمام اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مخیر حضرات کی جانب سے جناح اسپتال میں پی سی آر لیب کا افتتاح لائق تحسین ہے،کورونا کے خلاف جنگ اجتماعی کوششوں اور جذبے سے جیتیں گے،پسماندہ اور مزدور طبقے کو ریلیف دینا اہم ترجیح ہے، 1200 ارب روپے کا معاونت پیکج وزیراعظم کی عوام دوست سوچ کا مظہر ہے، ایک کروڑ افراد کو مالی امداد ملنے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا،کورونا کو سیاست کے لیے استعمال کرنے والوں کو عوام مسترد کر دیںگے ۔ قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے جناح اسپتال میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے قائم کی گئی جدید بائیو سیفٹی لیب تھری کا معائنہ اور آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوںنے کورونا کے مریضوں کی خیریت بھی دریافت کی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان نے معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت جناح اسپتال میں کورونا کے13کنفرم اور5مشتبہ مریض زیر علاج ہیں اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں ان کو علاج کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل، ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان، پروفیسر فوزیہ اشرف سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔