ملک کو ساتھ لے کر چلنے والی قیادت کی ضرورت ہے‘ بلاول

125

کراچی ، گڑھی خدابخش(اسٹاف رپورٹر+صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کورونا وائرس کے پیش نظر گڑھی خدابخش میں اپنے نانا اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی41ویں برسی پر ان کے مزار پر تنہا پھول چڑھائے۔ انہوں نے بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے مزاروں پر بھی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔انہوںنے کہا کہ آج کڑے وقت میں پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت جواختلافات فراموش کر کے ساری قوم کوعالمی وبا سے نکالنے کے لیے قیادت کرے۔قبل ازیں بلاول زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر وڈیو پیغام میں کہا کہ 4 اپریل کو ملک بھر سے جیالے گڑھی خدابخش جمع ہوتے ہیں، ہر سال شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کو 4اپریل کو گڑھی خدا بخش میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج میں اکیلا دعا مانگنے کے لیے گڑھی خدا بخش آیا ہوں،میرے اکیلے گڑھی خدا بخش آکر دعا مانگنے کی وجہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلائو ہے ،دنیا بھر کی حکومتیں اپنے عوام کی زندگیوں اور صحت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کررہی ہیں، پاکستان میں بھی آپ کی زندگی کو بچانے اور صحت کے تحفظ کے لیے مشکل فیصلے لیے جارہے ہیں،میں ان پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں کہ جو اس مشکل وقت میں امداد دے کر اپنا کردار ادا کررہے ہیں،میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام غریبوں کی مدد کررہے ہیں، سندھ حکومت مختلف فلاحی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے،سندھ حکومت کوشش کررہی ہے کہ تمام مستحقین کو راشن پہنچاسکے،سندھ حکومت نے کوشش کی ہے کہ غریب عوام کم سے کم مشکلات سے دوچار ہوں، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی ادارہ اس بحران میں کسی کو بے روزگار نہیں کرسکتا، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بحران میں ادارے ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کریں گے، سندھ حکومت زکوتہ کی رقم مستحقین میں تقسیم کرچکی ہے،سندھ حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر عوام تک راشن پہنچارہی ہے،ہم اکیلے یہ کام نہیں کرسکتے، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے، میں اپیل کرتا ہوں کہ اگر آپ امداد کرسکتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم غریب عوام کا خیال رکھ سکیں،اس وقت سب سے اہم تقاضا اپنی صحت اور زندگی کا خیال رکھنا ہے، گھروں میں محدود رہ کر اور ڈاکٹروں کے مشورے کو مان کر آپ خود کی زندگی کو بھی محفوظ بناسکتے ہیں اور دوسروں کی بھی،یہ بھی ضروری ہے کہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے طبی عملے پر بھی کم سے کم بوجھ ہو،یہ کامیابی اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب پاکستان کے عوام ہمارے ساتھ مل کر اس بحران کا مقابلہ کریں،یہ وقت ہے کہ ہم آپس کی لڑائی بھول کر ایک ہوجائیں،جیسے جنگ اور قدرتی آفات میں ہم سب ایک ہوجاتے ہیں، اس وقت ایسے ہی اتحاد کی ضرورت ہے، آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے، صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں، صوبے پرامید ہیں کہ وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کرے گا۔