کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کورونا کسی کو نہیں چھوڑتا‘ وزیراعظم

335
لاہور: وزیراعظم عمران خان ایکسپو لاہور میں قائم فیلڈ اسپتال کا دورہ کررہے ہیں،وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی جنگ اتنی جلدی ختم نہیں ہوگی‘ کسی کو تجربہ نہیں کہ کورونا سے کیسے لڑا جائے وہ ملک جن کے وسائل اور ادارے ہم سے بہتر ہیں وہ بھی ہمت ہار رہے ہیں‘ کورونا سے بچائو کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے‘ ہمارے مخالفین سیاست میں مال اور جائدادیں بنانے کے لیے آئے ہیں وہ سماجی بہبود کا کام نہیں کرسکتے‘پاکستان میں5 سے6 کروڑ لوگ غربت کی لکیرکے نیچے ہیں‘ بدقسمتی سے اسلام کو ووٹ لینے اور دیگر وجوہات کی بنا پر استعمال کیا جاتا رہا ہے جو مشکل میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا‘ قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوگی‘ کورونا کسی کو نہیں بخشے گا‘ اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا‘ لوگ پاگل پن کرکے اپنے آپ کو مشکل میں نہ ڈالیںبلکہ احتیاط کریں‘ میں تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دیے۔ وہ ہفتے کو گورنر ہائوس میں وزیر اعظم ریلیف فنڈز اور انصاف ٹائیگرز فورس کے حوالے سے تقر یب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ پاک نے فرمایا کہ میرے نبیؐ کی تعلیمات پر عمل کرو‘ ہمارے پیارے رسولؐ نے جو مدینہ کی ریاست بنائی تو وہ دنیا کے لیے ایک ماڈل ہے‘ ہماری ٹائیگرز فورس کے6 لاکھ رضاکار بن چکے ہیں‘ جہاں بھی کورونا پھیلے گا ہم وہاں فوری کام کریں گے‘ کورونا ریلیف فنڈ سے سیاسی وابستگی سے بالا ہوکر امداد دی جائے گی‘ جیسے شوکت خانم اسپتال میں سیاست کو نہیں دیکھا جاتا تمام مخیر حضرات کو ایک چھتری تلے جمع کریں گے‘ لاک ڈائون تب کامیاب ہوگا جب لوگوں کو گھر وں میں کھانا پہنچے گا‘ ٹائیگر فورس کے ذریعے گھروں میں کھانا پہنچائیں گے‘ لوگوں کو میرٹ پر پیسہ دیا جائے گا۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کا دورہ کیا جبکہ اسپتال میں کورونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ہفتے کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے/ مکمل طور پر روکنے کے لیے اگرچہ بندشیں ضروری ہیں تاہم اہتمام لازم ہے کہ ان بندشوں کے باعث لوگ فاقوں سے مریں نہ ہی معیشت کا شیرازہ بکھرے۔