چمن: پاک افغان سرحد آج سے دوطرفہ تجارت کیلیے کھولنے کا فیصلہ

236

کوئٹہ(آن لائن)پاک افغان سرحد چمن کے مقام پر (آج) اتوار سے دو طرفہ تجارت کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،چمن میں باب دوستی پر پاک افغان سرحدی فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی ،جس میں اتوار سے پاک افغان سرحد دوطرفہ تجارت کھولنے پر اتفاق کیا گیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کل سے دونوں ممالک میں پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی ،سیکورٹی حکام کے مطابق باب دوستی پر پاک افغان سرحدی فورسز کے درمیان ہونے والی فلیگ میٹنگ میں تاجر برادری بھی شریک ہوئی ، فلیگ میٹنگ کے بعد کمانڈنٹ ایف سی کرنل راشد صدیق نے ٹریڈرز کے ہمراہ باب دوستی پر مکمل ہونے والے قرنطینہ سینٹرکا دورہ بھی کیا جو کل سے آپریشنل ہوجائے گا ، قرنطینہ میں خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ خیمے بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی کا کہنا تھا کہ افغان حکام کیساتھ اجلاس میں آمدورفت بحالی کا طریقہ کارطے کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے آنے والے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں 14 روزرکھا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل27مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا،جس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید 2 ہفتے کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔