لاک ڈائون سے کراچی میں غذائی اجناس کے بحران کا خدشہ

226

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں لاک ڈائون اور کورونا کے سبب غذائی اجناس کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔ گڈر ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے احکامات کے باوجود سندھ میں ہائی ویز پر مال بردار گاڑیوں کو زبردستی روکا جا رہا ہے جس کے باعث دالوں، چاول اور گندم کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے‘ ڈی سی لاڑکانہ کے حکم پر اناج سے بھری گاڑیوں کو ناجائز طور پر تحویل میں لے لیا گیا‘ ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹرز کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ سندھ پولیس اور پنجاب پولیس کا رویہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ انتہائی افسوسناک ہے۔ دریں اثنا کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث 13 ویں روز ہفتے کو بھی لاک ڈائون جاری رہا‘ شہری گھروں تک محدود اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی۔ صوبے میں صبح8 بجے سے شام 5 بجے تک پیٹرول پمپس، گوشت، سبزی، کریانہ کی دکانیں، بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہے۔صرف اسپتالوں کے اطراف قائم میڈیکل اسٹورز24 گھنٹے کھلے رہے جبکہ دودھ کی دکانیں صبح8 سے رات8 بجے تک کھلی رہیں۔ سندھ بھر کی مرکزی شاہراہوں سمیت ملحقہ سڑکوں پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات رہے۔