صحافی اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے لوگوں تک اطلاعات اور حقائق پہنچا رہے ہیں، میئر کراچی

727

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی طرح الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافی، رپورٹرز، فوٹو گرافرز، کیمرا مین اس وباء کے مشکل ترین وقت میں فرنٹ لائن میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جو انتہائی قابل ستائش اور حوصلہ افزاء ہے،

یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز کراچی پریس کلب کی انتظامیہ کو کے ایم سی کی جانب سے سرجیکل ماسک دیتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیدسیف الرحمن، سینئر ڈائرڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے،

میئر کراچی نے کراچی پریس کلب میں موجود انتظامیہ کے ارکان اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو سنگین صورتحال ہے اس میں الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، انہیں ملک اور شہر کے حالات اور واقعات کی صحیح عکاسی ذمہ داری کے ساتھ کرنی ہے اور حقائق عوام تک پہنچانے ہیں،

انہوں نے کہا کہ میڈیا کا رول انتہائی اہم رہا ہے اور غیر معمولی حالات میں پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، انہوں نے کہا کہ صحافی اس کڑے وقت میں جب لوگ اپنے گھروں تک محدود ہیں آگے آکر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور شہریوں کو تمام تر معلومات پہنچا رہے ہیں،انہوں نے صحافیوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے اپنے چینل اور اخبار کے ذریعہ لوگوں کا حوصلہ بڑھائیں، اور لوگوں میں امید جگائیں کیونکہ اس وقت پوری دنیا شدید ا، مایوسی، کرب اور ڈیپریشن کا شکار ہے،

انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کام کررہی ہے اور امید ہے کہ ہم بہت جلد ان حالات سے نکل آئیں گے، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جس طرح کورونا وائرس کے باعث ہلاکتیں ہورہی ہیں اور اس وباء سے لوگ متاثر ہورہے ہیں، وہ یقینا فکر کی بات ہے لیکن ہمیں ایک قوم بن کر اس کا مقابلہ کرنا ہے اور صحافیوں کو کورونا وائرس سے متعلق صحیح اعداد و شمار اور واقعات کو لوگوں تک پہنچانا ہے تاکہ وہ اپنے منتخب نمائندوں کی کوششوں سے آگاہ رہیں،

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو سرجیکل ماسک دینے کا مقصد یہ ہے کہ فیلڈ میں کام کرنے والے رپورٹرزاور کیمرہ مین کو اپنی حفاظت کے کام آسکیں، اس وباء میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے لوگوں تک اطلاعات اور حقائق پہنچا رہے ہیں۔