کراچی ،امام مسجد سمیت 9 افراد پر انسداددہشت گردی کا مقدمہ درج

697

کراچی: کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کیخلاف وزری اور باجماعت نماز ادا کرنے پر لیاقت آباد غوثیہ مسجد کے امام رحیم داد قادری سمیت 9 ملزمان کے خلاف انسداددہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاقت آبادکی غوثیہ مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے پر امام مسجد رحیم داد قادری سمیت 9 ملزمان کے خلاف انسداددہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے امام مسجد رحیم داد سمیت 7 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

پولیس نے گرفتارملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے  انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے 14 اپریل کو ملزمان کے خلاف چالان طلب کرلیا۔

پولیس نے عدالت میں موقف اپنایا کہ مسجد کمیٹی نے نمازیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جس سے وبائی مرض کورونا وائرس کے پھیلاو کا سبب بنے جبکہ اہل محلہ کی جان کو خطرے میں ڈالا،عوام کو مشتعل کیا۔

پولیس نے ملزمان پر الزام عائد کیا کہ  امام مسجد اور مسجد کمیٹی نے پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے لاٹھی اور ڈنڈوں سے مسلح ہوکر پتھرو سے حملہ کیا، امام مسجد اور کمیٹی کے اکسانے کے بعد پولیس اہلکاروں کو مارا پیٹا،تین اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کرلیا،دیگر کی تلاش جاری ہے ۔