کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو مزید بڑھایا جائے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

149

پشاور(اے پی پی)صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعہ کو سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال ، کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے ضروری آلات اور حفاظتی اشیاکی خریداری اور آنے والے سیزن میں گندم کی خریداری سے متعلق امور پر بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ابھی تک اسپتالوں میں ضروری آلات اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے حفاظتی اشیاکی فراہمی کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی خریداری کی گئی ہے جس میں وینٹلیٹرز ، سرجیکل ماسکس، این ۔95 ماسکس اور دیگر ضروری اشیاشامل ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کے لیے ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو خاطر خواہ حد تک بڑھایا گیا ہے اور اس کو مزید بڑھانے پر کام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور اگلے 2 سے3 ہفتے کے درمیان ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو روزانہ 2 ہزار تک بڑھایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرٹنڈنٹس کو فوری طور پر اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں اور اضلاع کی سطح پر قائم قرنطینہ اور آئسولیشن مراکز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔