دنیا میں مزید 5 ہزار افراد کورونا کی بھینٹ چڑھ گئے،ہلاکتیں 58 ہزار سے متجاوز

116

واشنگٹن/روم/ برسلز/ لندن/انقرہ/تل ابیب /منیلا (خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا میں مزید5ہزار افراد ایک ہی روز میںکورونا کی بھینٹ چڑھ گئے، ہلاکتیں 58ہزار سے متجاوز۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ا سپین میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 950 اموات کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار348 سے تجاوز کرگئی۔اس سے پہلے اٹلی میں اموات 10 ہزار سے زیادہ ہو گئی تھیں۔ امریکا میں اموات کی تعداد6 ہزارسے بڑھ گئی ہے۔کورونا وائرس کی عالمی وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 53 ہزار سے زیادہ لوگ اس میں مبتلا ہونے کے بعد دم توڑ چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے اٹلی میں 13915، اسپین میں 10348، امریکا میں 6088، فرانس میں5387، چین میں 3322، ایران میں 3160، برطانیہ میں 2926، نیدرلینڈ میں 1341، جرمنی میں 1107، بیلجیئم میں 1011 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ گزشتہ روزامریکا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1169 تھی جو کہ کسی بھی ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اب تک 6000 سے زیادہ افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں 244000 سے زیادہ مصدقہ مریض ہیں۔ امریکا کا شہر نیو یارک 1500 سے زاید ہلاکتوں کے ساتھ سب سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔