طویل مدتی لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے،پاک فوج

87

اسلام آباد (آئی این پی )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس اپی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہیں جب کہ غیر معینہ مدت کے لیے لاک ڈائون کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ اس وبانے عالمی ماحول کو یکسر تبدیل کردیاہے۔ افواج پاکستان ملک کے کو نے کونے میں موجودہیں،38دنوں میں قوم نے اس چیلنج کابخوبی مقابلہ کیاہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے مطابق عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وبا سے بچائو کے لیے بھی فوج اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر قومی رابطہ کمیٹی کے تحت کام کررہا ہے اس کی سربراہی وفاقی وزیر اسد عمر کررہے ہیں اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزماں اس کے چیف کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔جمعہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے متعلق میڈیا کو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ 26 فروری سے اب تک38دنوں میں ہم نے بحیثیت قوم اس وبا کا اچھے انداز میں مقابلہ کیا ہے۔ ڈاکٹرز، پیرا میڈکس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کاشکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے اس نازک وقت میں اتحاد کا پیغام دیا ہے اور عوامی آگاہی میں کردار ادا کیا۔ ہمیں رنگ و نسل ، مذہب اور ہر طرح کی تفریق سے بالاتر ہوکر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کونے کونے میں پاک فوج وبا کی روک تھام میں مدد کے لیے سرگرم ہے۔ تمام فارمیشن کمانڈر ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کوتعاون فراہم کررہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے مطابق عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وبا سے بچائو کے لیے بھی فوج اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ غیر معینہ مدت کے لیے لاک ڈائون کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ تمام صوبوں ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں طبی سامان اور افرادی قوت کو پہنچانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ایک چھت کے تلے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبوں کو نمائندگی حاصل ہے۔ موجودہ صورت حال میں عوام کا ریاست کیساتھ تعاون سب سے اہم ہے۔ یہ ایسا خطرہ ہے جس کے سامنے کوئی خدمت اور قربانی حیثیت نہیں رکھتی۔میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ میڈیا کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ اب تک میڈیا نے معروضی رپورٹنگ کی ہے اور عوام کو آگاہی فراہم کی ہے۔اللہ سے دعاہے کہ اس مصیبت اوروباکودورفرمائے ۔قوم کواتحاد کا پیغام دینے پرعلماکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کوبھرپورتعاون فراہم کررہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ بدلتی صورتحال کے مطابق روزانہ کی بنیادپرتمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ا س دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کرنے والوں کی آہنی ہاتھوں سے سرکوبی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزارت اطلاعات کورونا وائرس سے متعلق تفصیلات فراہم کریں گے اور میڈیا سے رابطے میں رہیں گے۔وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹربنایاگیا۔پوری قوم متحدہوکر کورونا وائرس کو شکست دے گی ۔قوم کو وباسے بچانا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن کورونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے ۔قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہیں۔وزیراعظم نے آرمی چیف اورتمام اداروں کی کاوشوں کوسراہا۔صوبائی حکومتیں کورونامتاثرین کاڈیٹاتشکیل دیں تاکہ مل کرحکمت عملی بنائیں۔ڈاکٹرفیصل نے وزیراعظم کوکورونا سے متعلق تمام معلومات دیں، وزیراعظم نے ہدایت کی ملک میں سپلائی لائن متاثرنہیں ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے گندم کی کٹائی سے متعلق بروقت اقدامات کے لیے ہدایات دیں، آٹے کی قلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، مستند معلومات اس وقت اہم ضرورت ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کورونا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر ہی خبر فراہم کرے گا ۔