کوروناکے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیںگے، عثمان بزدار

171
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گورنر چودھری محمد سرور سے ملاقات کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور شہراورگردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہورشہر اورگردونواح کے علاقوں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جا ئزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوںاور تجارتی مراکز کا بھی مشاہدہ کیا۔ لاہور شہراورگردونواح کے علاقوں کی سڑکوںپر ٹریفک نہ ہونے کے برابراورمارکٹیں سنسان نظر آئیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس ،پاک فوج اوررینجرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔عوام گھروں میں رہیں گے تو کوروناوائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ حکومتی اقدامات پرعملدرآمدکرنے پر لاہورسمیت پنجاب کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ،پاک فوج اوررینجرز مثالی کردارادا کررہے ہیں۔ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے۔ مختلف شہروں کے دورے کرکے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ پنجاب کے شہریوں کو کورونا سے بچانا میرا مشن ہے۔کورونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیںگے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمدکرنے پر ٹرانسپورٹر اورتاجربرادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔