حیدرآباد، نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی ، خلاف ورزی پر پولیس کا لاٹھی چارج

189

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس پھیلائو کے پیش نظر جاری لاک ڈائون کے دوران جمعہ کے روز 12سے3بجے تک عوام کے گھروں سے باہر نکلنے سمیت تمام سرگرمیوں پرمکمل پابندی پر حیدرآباد میں بھی مکمل عملدرآمد کرایا گیا اس حوالے سے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا اور مختلف شاہراہوں سمیت چوراہوں پر بھی ناکے بڑھائے اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرکے گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں کو واپس گھروں کو جانے کیلیے پہلے وارننگ دی گئی لیکن وارننگ پر عمل نہ کرنے والے شہریوں پرپولیس نے لاٹھیاں برسا دیں جس کے بعد سڑکوں پر مکمل سناٹا چھاگیا اور3 گھنٹے تک شہرکرفیو کا منظر پیش کرتا رہا ،اسی طرح مساجد میں نمازوں کے اجتماعات پر پابندی کے حکومت سندھ کے احکامات پر عمل در آمد کرانے کیلیے حیدرآباد شہرسمیت لطیف آباد اور قاسم آباد کی تمام بڑی مرکزی جامع مساجد کے باہر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کوبھی تعینات کیا گیا تھا جبکہ مساجد سے بھی نماز گھر پرادا کرنے کے اعلانات کیے گئے اور اس حوالے سے مساجد کے باہر بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے تھے اور کئی علاقوں میں مساجد کے دروازوں کو قناتیں لگا کر بند کر دیا گیا تاکہ مسجد میں عملے کے علاوہ کوئی داخل نہ ہوسکے، 12سے3بجے تک مکمل لاک ڈائون کے دوران پابندی سے مستثنادکانیں بھی بند کرادی گئی تھیں جو کہ ساڑھے 3بجے سے ساڑھے6بجے تک دوبارہ کھولی گئیں ۔