ممبئی میں کورونا وائرس سے جاں بحق مسلم شخص کو نذر آتش کیا گیا

189

ممبئی (کے پی آئی) بھارتی شہر ممبئی کے مضافات میں ایک مسلم عمر رسیدہ شخص کا کورونا وائرس کے سبب انتقال ہوگیا۔ مقامی مالونی قبرستان کی انتظامیہ نے ان کی قبرستان میں تدفین کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد ان کی نعش کو اس کے بیٹے کی موجودگی میں نذر آتش کر دیا گیا۔ اس واقعے کے سبب ممبئی سمیت ریاست کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایاجاتا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ صبح کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی موت کے بعد جب ان کے بیٹے نے اپنے والد کی نعش کی مالونی قبرستان میں تدفین کرانے کی کوشش کی تو قبرستان کے ٹرسٹیوں نے لاش کی تدفین کی اجازت دینیسے انکار کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بیٹے نے کچھ مقامی لوگوں کے ساتھ قبرستان کے ٹرسٹیوں کو کافی سمجھایا کہ وہ نعش کو یہاں پر دفن کرنے دیں لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ پولیس نے قبرستان انتظامیہ کو سمجھانے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ جواز پیش کیا کہ مالونی قبرستان چھوٹا ہے اور اطراف میں رہائشی علاقہ ہے نیز کورونا وائرس کے جراثیم اطراف کی بستیوں میں بھی پھیل سکتے ہیں لہٰذا قبرستان میں تدفین کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پولیس نے لڑکے کو سمجھایا کہ وہ تھوڑی دور پر واقع شمشان بھومی میں اپنے والد کی نعش کو نذر آتش کر دے‘ کافی سمجھانے کے بعد بیٹا مان گیا‘ مسلم شخص کی نعش کو نذر آتش کر دیا گیا جس کے بعد مسلم علاقوں میں اس معاملے کو لے کر کافی بے چینی دیکھی گئی۔