لیبیا : بمباری میں 20 باغی ہلاک ، 3طیارے تباہ

539

 

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے مختلف مقامات پر بم باری کرکے حفتر ملیشیا کے 20 جنگجو ہلاک کردیے، جب کہ 3 طیارے بھی مار گرائے۔ الجزیرہ نے جمعہ کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وفاقی قومی حکومت کی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اس کے جنگی طیاروں نے سرت شہر کے مغرب اور بنی ولید کے جنوب میں حفتر ملیشیا کو کمک پہنچانے والے قافلوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 20 جنگجو مارے گئے، جب کہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں، جن میں آئل ٹینکر اور اسلحہ وگولہ بارود پہنچانے والی گاڑیاں شامل ہیں۔ بیان کے مطابق جنگی طیاروں نے سرت اور مصراتہ کے درمیان وشکہ اور بویرات الحسون نامی علاقوں میں باغیوں کے قافلوں کو نشانہ بنایا۔ یہ قافلے مصراتہ کے مشرق میں قائم محاذوں پر کمک پہنچانے جارہے تھے۔ ان حملوں میں کئی گاڑیاں اور بھاری مقدار میں گولہ بارود وہتھیار تباہ ہوگئیجن میں ٹینک اور بکتربند گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ لیبی فوج نے اس علاقے میں 15 اسلحہ کے گودام بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جب کہ بنی ولید شہر کے جنوب میں 3 آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ آئل ٹینکر دارالحکومت طرابلس کے جنوبی نواح میں موجود باغی ملیشیا کو ایندھن پہنچانے جارہے تھے۔ ان کارروائیوں کے بعد حفتر ملیشیا طرابلس کے جنوب میں مختلف علاقوں سے پسپا ہونے پر مجبور ہوگئی۔ دوسری جانب لیبی فوج نے باغیوں کے 3 جنگی طیارے بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تُرک اخبار ڈیلی صباح کے مطابق ذرائع نے جمعہ کے روز بتایا کہ مار گرائے گئے جنگی طیارے سوخوئی 22 طرز کے تھے۔