بیت المقدس سے فلسطینی وزیر گرفتار ، چھاپے مسلمل جاری

139

 

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امور کے نگران فلسطینی وزیر فادی الہدمی کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہیں جمعہ کی صبح جبل زیتون میں گھر سے حراست میں لیا گیا۔ فادی الہدمی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جو اسرائیلی قوانین کے تحت ممنوع ہے۔ اسرائیلی پولیس کے ترجمان مکی روزن فیلڈ کے بقول الہدمی کے گھر کی تلاشی لی گئی اور مشکوک مواد اور خطیر رقم تحویل میں لی گئی ہے۔ فلسطینی وزیر فادی الہدمی کو چوتھی مرتبہ گرفتار کیا گیا ہے۔ دریں اثنا کورونا کی وبا پھیلنے کے باعث فلسطین میں لاک ڈائون کے باوجود صہیونی فوج کا شہریوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران فلسطین میں لاک ڈائون رہا اور ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران تقریباً 300 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس اسٹڈی سینٹر کی رپورٹ میں گزشتہ ماہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی گرفتاریوں کے اعداد شمار جمع کیے گئے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کی وبا پھیلنے کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کا کریک ڈائون گزشتہ پورے مہینے جاری رہا۔ اسرائیلی فوج کی کریک ڈائون مہم میں 17بچوں اور 3 خواتین سمیت 292 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ بیت المقدس سے 124 فلسطینی شہری گرفتار کیے گئے۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے 8 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ ان میں 3 کاروباری شخصیات شامل ہیں جنہیں غزہ کے شمال میں قائم بیت حانون گزرگاہ سے حراست میں لیا گیا۔ 5 فلسطینیوں کو غزہ کی مشرقی سرحد عبور کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔