سیاحت کو حالیہ بحران کے سبب مکمل تباہی سے بچانے کی اپیل

168

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان(ٹیپ)نے وزیراعظم پاکستان سے ٹریول / ٹورزم سیکٹر کو حالیہ بحران کے نتیجے میں مکمل تباہ حالی سے بچانے کی اپیل کردی۔ٹیپ کے چیئرمین نعیم شریف نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ COVID-19 کے جاری بحران کی وجہ سے دنیا میں ٹریول انڈسٹری کورونا وائرس کا سب سے پہلا شکار تھی جس کی وجہ سے دنیا بھر میں اچانک سفری پابندیوں کے اطلاق سے لگ بھگ نہ صرف تمام ہوائی اڈے بند ہوگئے بلکہ لاکھوں ہوائی ٹکٹ، عمرہ زیارت، کاروباری دوروں سمیت سفرو سیاحت منسوخ ہوگئیں۔ایاٹا(IATA )اور ائیرلائنوںکی اختیار کردہ یکطرفہ،غیر منصفانہ اور مفاد پسندانہ پالیسیوںکی وجہ سے سفروسیاحت کے شعبے کو زبردست مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ٹریول ایجنسیوں کی بندش اوردیوالیہ پن کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے اور اس شعبے سے جڑے لاکھوں لوگوں کی ملازمتوں کو خطرہ بھی درپیش رہتا ہے۔COVID-19کے نتیجے میں ایئر لائنز ٹریول ایجنٹس پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ 6 اپریل 2020کو رقم کی واپسی میں کٹوتی کیے بغیر ادائیگی کریں۔ایاٹا کی طرف سے تجویز کردہ ادائیگی کی تاریخ 6 اپریل 2020 ہے جس میں ٹریول ایجنٹ کی زیرِ التوا بھاری وصولیابیاں اور واجبات کے پیش نظر موجودہ غیر یقینی صورتحال میں ممکن نہیں ہے۔