پاکستانی معیشت میں2021میں بہتری متوقع ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک

152

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں2021میں بہتری متوقع ہے اور 2021 میں پاکستان میں معاشی شرح نمو 3.2فیصدتک رہنے کاامکان ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ آئوٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیاہے کہ پاکستان کی معیشت 2020 میں دبائو میں رہے گی ، رواں سال معاشی شرح نمو2.6فیصد تک رہنے کاامکان ہے۔رپورٹ میں رواں سال معاشی شرح نمومیں کمی کی وجہ کورونا ،شعبہ زراعت میں سست روی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ امسال پہلے6 ماہ کی طرح بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں کمی نظرآئے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے باعث ملکی معیشت پر اضافی دبائو پڑے گا اور برآمدات،صنعتیں،مقامی طلب میں نمایاں کمی ہوگی، پاکستانی قوم کومل کر کورونا وبا کیخلاف کام کرنا ہوگا۔رپورٹ میں حکومتی پیکج،احساس پروگرام کوروناکے منفی اثرات کے خاتمے کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ احساس پروگرام سے خاص طورپرکمزور طبقے کو فائدہ ہوگا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق رواں سال افراط زر کی شرح ساڑھے11 فیصد، آئندہ سال 8.3فیصد رہے گئی اور جاری کھاتوں کی خسارے میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔