کورونا سے جنگ جیتنے کے بعد فٹبال کھیل مکمل تبدیل ہوگا ، فیفا چیف

146

 

میونخ(جسارت نیوز) فیفاکے صدرگیانی انفوٹینونے کہا ہے کہ کوروناسے جنگ جیتنے کے بعد عالمی فٹبال کھیل یکسر تبدیل ہوجائے گا، ہم جب اس ڈراؤنے خواب سے باہرآئیں گے توفٹبال زیادہ بہتر، دلچسپ، سوشل اور انفرادی ممالک میں باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے والی اور اختلافات سے مبرا ہوگا۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفاکے صدرگیانی انفوٹینونے کہا کہ کرونا ایک بھیانک خواب ہے،جو پوری دنیا پر مسلط ہے، دنیا اجتماعی کاوشوں سے جلد اس سے باہرنکل جائے گی۔ تاہم کرونا سے جنگ جیتنے کے بعد عالمی فٹبال کھیل یکسر تبدیل ہو جائے گا۔ مستقبل کا فٹبال کھیل زیادہ بہتر، چیلنجنگ، دلچسپ، سوشل،معاون اور انفرادی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے والی اور اختلافات سے مبرا ہو گی۔فیفا چیف نے کہا کہ اس مہلک وائرس نے ہمیں انسانی درد کا احساس دلایا ہے۔ جس کے بعد ہم سب زیادہ بہتر رویے اور انسانی قدروں کا احساس کرنے والے ہوں گے اور فٹبال کے میدانوں میں بھی اسپورٹس مین شپ اور رنگ، نسل اور زبان کی ہم آہنگی فروغ پائے گی۔ فٹبال چیف نے فٹبال میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فٹبال کو چند طاقتور کلبوں کے ہاتھوں سے نکال کر زیادہ عوامی زیادہ دلچسپ، سنسنی خیز بنانا ہو گا۔ جس کے لیے ٹورنامنٹس کی تعداد کم لیکن زیادہ مقابلے سے بھرپور میچزکرانے ہوں گے کم لیکن متوازن اسکواڈز، محدود مگر زیادہ دلچسپ میچز سے فٹبال کی بین الاقوامی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔ ایسے میچز جوکھلاڑیوں کی صحت اور تندرستی کے بھی ضامن ہوں گے۔