نازک حالات میں اجناس کی مصنوعی قلت نہ پیدا کی جائے، رضوان الحق

183

سکھر (کامرس ڈیسک)ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدر ملک محمد رضوان الحق نے افسران کے ہمراہ غذائی اجناس فوڈ انڈسٹریز،فلور ملز، گھی ملز،رائس ملز، گوداموں، اور دیگر اجناس کی فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ تاجروں کو چاہیے کہ ان نازک حالات میں اجناس کی مصنوعی قلت نہ پیدا کی جائے ایسا کرنے والوں سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں ہوگا۔صدرِ ایوان نے کہا کہ تاجروں کو چاہیے کہ عوام کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کیا جائے اوریہ وقت پیسے کمانے کا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کرنے کا وقت ہے، اس وقت جو نفسا نفسی کا دور چل رہا ہے ہر شخص کی زندگی دائو پر لگی ہوئی ہے ایسے میں انسانیت کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو پیش پیش کرو بجائے اس کے کہ نفع کمایا جائے بلکہ ایسے میں خرید ریٹ یا خرید ریٹ سے کم پر بھی اشیاء بیچنے سے انسانیت کی خدمت میں آپ کا حصہ ہوگا۔ اگر کوئی تاجر ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ میں پکڑا گیا تو انتظامیہ سے پہلے تاجر کمیونٹی خود اْس تاجر کے خلاف ایکشن لے گی۔ اْمید ہے کہ سکھر کی کاروباری برادری اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔